سوال: وتر کی جماعت میں تیسری رکعت میں مکمل قراء ت کرنا (سورۃ الفاتحہ کے ساتھ ، سورت بھی ملانا)اور وہ بھی بلند آواز سے پڑھنا ، کیسا ہے ؟
جواب: حکم شرعی یہ ہے کہ فرض کی پہلی دونوں رکعتوں میں اور سنت و نوافل اور وتر کی ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے ساتھ سورت ملانا واجب ہے اور جب وتر کی نماز باجماعت ادا کی جارہی ہے ، تو اس میں قراءت بلند آواز سے کرنا بھی واجب ہے۔ لہٰذا وتر کی تیسری رکعت میں مکمل قراءت بلند آواز سے کرنا بھی شرعاً واجب ہے ۔
بہار شریعت میں ہے ” فجر و مغرب و عشا کی دو پہلی میں اور جمعہ و عیدین و تراویح اور وتر رمضان کی سب میں امام پر جہر واجب ہے اور مغرب کی تیسری اور عشا کی تیسری چوتھی یا ظہر و عصر کی تمام رکعتوں میں آہستہ پڑھنا واجب ہے۔” (بہار شریعت ، جلد 1حصہ 3 ، صفحہ 544، مکتبۃ المدینہ ، کراچی )
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم