سوال:جس کو شوگر کی بیماری ہے تھوڑی تھوڑی دیر بعد بھوک لگتی رہتی ہے تو کیا وہ روزہ چھوڑ سکتا ہے؟
جواب: صورت مسئولہ میں اگر شوگر کا مرض ایسا ہے کہ روزہ رکھنے سے واقعتاًمرض بڑھ جانے یادیرمیں اچھاہونے یاشدیدمشقت ودشواری میں مبتلاہونے کاظن غالب ہو،محض وہم نہ ہو،تواس صورت میں روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے،البتہ اگر ایک روزہ چھوڑ کر ایک رکھا جاسکتاہے ،یا دو روزے چھوڑ کر ایک ،اسی طرح کچھ دنوں کا وقفہ کر کے روزہ رکھا جاسکتا ہے،تومسلسل روزےچھوڑنےکی اجازت نہ ہوگی اورصحت یاب ہونے کے بعدیاسردموسم میں ان روزوں کی قضابھی کرناہوگی، اس صورت میں فدیہ دینے کی اجازت نہیں ،کیونکہ ایسامریض جوبعدمیں صحت یاب ہوسکتاہے، تواسے فدیہ دینے کی اجازت نہیں کہ روزے کا فدیہ اس وقت ہے کہ روزہ نہ گرمی میں رکھ سکیں نہ ہی سردی میں نہ لگاتارنہ متفرق اورجس عذرکے سبب طاقت نہ ہو اس عذرکے جانے کی امید نہ ہو ۔