سوال: دعوت اسلامی کی نماز ٹائم ایپلی کیشن (App Prayer Time) میں نماز مغرب کا وقت ایک گھنٹے سے زائد ہوتا ہے جبکہ ہم نے بڑوں سے سنا ہے کہ مغرب کا وقت بہت جلد ختم ہو جاتا ہے۔کیا ہم ایپ میں دئیے گئے وقت کے اندر (مثلاً: وقت ختم ہونے میں 5 منٹ ہوں تو) نماز پڑھ لیں تو نماز ادا ہو جائے گی؟
جواب: اگر آپ دعوت اسلامی کی Prayer Timeایپلی کیشن درست طریقے پر استعمال کر رہے ہیں تو اس میں دئیے گئے ٹائم کے مطابق عمل کیا جا سکتا ہے اور اگر مغرب کی نماز آخری 5 منٹ میں ادا کریں گے تو بھی نماز ادا ہی کہلائے گی ، قضا نہیں ہو گی ۔ لیکن یہ ذہن میں رہے کہ بلا اجازت شرعی مغرب کی نماز پڑھنے میں اتنی تاخیر کرنا کہ آسمان پر چھوٹے بڑے ستارے ظاہر ہو جائیں ، یہ عمل مکروہ تحریمی، ناجائز اور گناہ ہے لہٰذا مغرب کی نماز میں تاخیر سے بچیں۔ اگر کبھی اتفاقی طور پر تاخیر ہو جائے تو وقت کے اندر اندر نماز پڑھنا لازم ہے ورنہ وقت نکل جانے کی صورت میں نماز قضاء کرنے کا گناہ ہو گا ۔
عوام میں یہ بات غلط مشہور ہے کہ مغرب کا وقت بہت کم ہوتا ہے البتہ اگر اس کا یہ معنی مراد ہو کہ غیر مکروہ وقت کم ہے ، تاخیر نہیں کرنی چاہیے، جلدی پڑھ لینی چاہیے یا دوسری نمازوں مثلاً ظہر و عشا کے مقابلے میں اس کا وقت کم ہوتا ہے تو یہ بات ٹھیک ہے ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم