سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارےمیں کہ کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے والا امامت کرواسکتا ہے؟
جواب: کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھانے والاشخص اگر رکوع و سجودادا کررہا ہے(یعنی زمین پر یا زمین سے بلند بار ہ انگل (تقریباً 9انچ)کی کسی چیز پر سجدہ کررہا ہو) تو اس کے پیچھے رکوع و سجود ادا کرنے والوں کی نماز ادا ہوجائے گی اور اگر وہ اشارے سے رکوع وسجود ادا کرررہا ہے تو اس کے پیچھے رکوع و سجود ادا کرنے والوں کی نماز ا دا نہیں ہوگی۔
بہار شریعت میں ہے :’’ جو رکوع و سجود سے عاجز ہے یعنی وہ کہ کھڑے یا بیٹھے رکوع و سجود کی جگہ اشارہ کرتا ہو، اس کے پیچھے اس کی نماز نہ ہوگی جو رکوع وسجود پر قادر ہے اور اگر بیٹھ کر رکوع و سجود کر سکتا ہو تو اس کے پیچھے کھڑے ہو کر پڑھنے والے کی ہوجائے گی۔ ‘‘(بہا ر شریعت ،جلد:1،صفحہ:571،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم