کسی کی زکوۃ کی رقم اپنے استعمال میں لاکر بعد میں اپنے پاس سے زکوۃ دینا

سوال: زکوۃ  کی رقم امانت کے طور پر ہوتی ہے ، تو کیا اگر کوئی وصول  کرنے والا  یا صدر و سیکرٹری  وغیر ہ اس کو ذاتی استعمال میں لے آئے پھراپنی طرف سے زکاۃ کی مدمیں اتنی رقم جمع کروادے  ، تو کیا ان کی زکوٰۃ ادا ہو جائے گی ۔

جواب: جس شخص کو کسی نے اپنی زکوۃ ادا کرنے کے لیے وکیل بنایا ، اس کا زکوۃ کی رقم کو اس نیت سے اپنے استعمال میں لانا کہ بعد میں ادائیگی کر دوں گا،یہ جائزنہیں اور اگر کسی نے ایسا کیا ، تو  اب اپنے طور پر زکوۃ کے پیسے ادا کرنے سے زکاۃ ادانہیں ہوگی ، بلکہ اس پر لازم ہے کہ جس نے اس کو زکوۃ دی تھی  ، اس کویہ صورت حال بتاکردوبارہ زکاۃ اداکرنے کی اجازت لے  ،اب اگر وہ کہے کہ تم میری طرف سے یہ دوبارہ ادا کر  دو ، تو   کر سکتا ہے۔ اورتوبہ کرنابھی لازم ہوگی۔

   ہاں اگرزکوۃ دینے والے کی رقم اپنے پاس رکھ لی ابھی استعمال نہیں کی ،استعمال کرنے سے پہلے،اپنی ذاتی رقم اس کی زکوۃ میں اس نیت سے دی کہ اس کی رقم میں رکھ لوں گاتواس صورت میں زکوۃ اداہوجائےگی ۔

   رد المحتار علی الدر المختار میں ہے” وكيل بدفع الزكاة إذا أمسك دراهم الموكل ودفع من ماله ليرجع ببدلها في دراهم الموكل صح. بخلاف ما إذا أنفقها أولا على نفسه مثلا ثم دفع من ماله فهو متبرع “ترجمہ:زکوۃ دینے کا وکیل، مؤکل کے دئیے ہوئے دراہم اپنے پاس رکھ لے اور اپنے مال سے زکوۃ اس نیت سے ادا کرے کہ مؤکل کے دئیے ہوئے دراہم سے لے لے گا تو صحیح ہے ،بخلاف اس صورت کے کہ وکیل اولاً مؤکل کے دئیے ہوئے دراہم خرچ کردے پھر اپنے مال سے زکوٰۃ ادا کرے تو اس صورت میں زکوٰۃ ادا نہیں ہوگی اور وکیل متبرع قرار پائے گا۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الزکاۃ،ج 2،ص 269،270،دار الفکر،بیروت)

   بہار شریعت میں ہے” زکاۃ دینے والے نے وکیل کو زکاۃ کا روپیہ دیا وکیل نے اُسے رکھ لیا اور اپنا روپیہ زکاۃ میں دے دیا تو جائز ہے، اگر یہ نیّت ہو کہ اس کے عوض مؤکل کا روپیہ لے لے گا اور اگر وکیل نے پہلے اس روپیہ کو خود خرچ کر ڈالا بعد کو اپنا روپیہ زکاۃ میں دیا تو زکاۃ ادا نہ ہوئی بلکہ یہ تبرع ہے اور مؤکل کو تاوان دے گا۔(بہار شریعت،ج 1،حصہ 5،ص 888،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

(دعوت اسلامی)

نصاب پر سال مکمل ہونے سے پہلے مقروض ہو گئے ،تو زکوٰۃ کب لازم ہو گی؟

About darulfikar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے