استقامت کا معنی مفہوم اور استقامت حاصل کرنے کے طریقے
اِرشادِ باری تعالیٰ ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا رَبُّنَا اللّٰهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا تَتَنَزَّلُ عَلَیْهِمُ الْمَلٰٓىٕكَةُ اَلَّا تَخَافُوْا وَ لَا تَحْزَنُوْا وَ اَبْشِرُوْا بِالْجَنَّةِ الَّتِیْ كُنْتُمْ تُوْعَدُوْنَ(۳۰) (پ24، حمٓ السّجدۃ:30)
ترجمہ: بے شک جنہوں نے کہا: ہمارا رب اللہ ہے پھر اس پر ثابت قدم رہے، ان پر فرشتے اترتے ہیں کہ تم نہ ڈرو اور نہ غم کرو اور اس جنّت پر خوش ہوجاؤ جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
تفسیرآیت میں فرمایا گیا کہ جن لوگوں نے اپنے ایمان کا یوں اِقرار کیا کہ ہمارا رب صرف اللہ تعالیٰ ہے، پھر اس پر ثابِت قدم رہے، ان پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرشتے اترتے، انہیں تسلی و بشارتیں دیتے اور جنّت کی خوش خبری سناتے ہیں۔
اِستِقامت پر ہم آخِر میں کلام کریں گے، تفہیم کے لئے پہلے آیت کے بقیہ حصّے کی تشریح پیش کرتے ہیں۔ آیت میں اَصحاب ِ اِستِقامت پر فرشتوں کے اُترنے کا تذکِرہ ہے۔ فرشتوں کا یہ اُترنا دنیا میں بھی ہوتا ہے اور موت کے وقت بھی۔
دنیا میں فرشتے اتر کر مسلمانوں کے دلوں میں اطمینان، تسلی اور ثابِت قدمی اِلقا کرتے ہیں، انہیں ہمّت دِلاتے، حوصلہ بڑھاتے اور دشمن کے مُقابلے میں جو ش دلاتے ہیں۔ انہیں باطل کی قوّت و طاقت سے نہ ڈرنےاور راہِ حق میں دی جانے والی جانی، مالی قربانیوں پر رنج و غم نہ کرنے کی تلقین کرتے ہیں، ان کے د ل و دماغ میں آخِرت کی رغبت، جنّت کی محبّت، رِضائے اِلٰہی کی عظمت اور قُرب ِ اِلٰہی کا شوق بڑھاتے ہیں۔ دنیا میں فرشتوں کے اُترنے کا بیان قرآنِ پاک کی سورۂ اَنفال آیت 12 میں موجود ہے:( اِذْ یُوْحِیْ رَبُّكَ اِلَى الْمَلٰٓىٕكَةِ اَنِّیْ مَعَكُمْ فَثَبِّتُوا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْاؕ-سَاُلْقِیْ فِیْ قُلُوْبِ الَّذِیْنَ كَفَرُوا الرُّعْبَ فَاضْرِبُوْا فَوْقَ الْاَعْنَاقِ وَ اضْرِبُوْا مِنْهُمْ كُلَّ بَنَانٍؕ(۱۲))(پ9، الانفال:12)ترجمہ: یاد کرو! اے حبیب! جب تمہارا رب فرشتوں کو وحی بھیجتا تھا کہ میں تمہارے ساتھ ہوں تم مسلمانوں کو ثابِت رکھو۔ عنقریب میں کافروں کے دلوں میں ہیبت ڈال دوں گا تو تم کافروں کی گردنوں کے اوپر مارو اور ان کے ایک ایک جوڑ پر ضربیں لگاؤ۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
دنیا میں فرشتوں کا اُترنا تو واضح ہے لیکن ہر کوئی انہیں دیکھ نہیں سکتا۔ جس پر اللہ تعالیٰ خاص کَرَم فرمائے وہ دیکھ سکتا ہے۔ لیکن موت کے وقت فرشتے اُتر تے ہیں تو انسان انہیں دیکھتا ہے اور ان کی آواز بھی سنتا ہے۔ اس وقت فرشتے اسے کہتے ہیں کہ جو دنیااور دنیا والے تم چھوڑ کر جارہے ہو ان پر غم نہ کرو اور آخرت کی آنے والی منزلوں کا خوف نہ کرو، ہم دنیا و آخِرت میں تمہارے دوست ہیں۔ فرشتے مزید کہتے ہیں کہ تمہیں جنّت کی خوش خبری ہوجس کا دنیا میں تم سے وعدہ کیا جاتا ہے اور یہ جنّت کی نعمتیں غفورٌ رَّحیم رب عزّوجلّ کی طرف سے مہمانی ہیں۔ یوں جنّت کی بشارتیں اور فرشتوں کا تسلی آمیز خطاب سنتے ہوئے صاحب ِ اِستِقامت دنیا سے رُخصت ہوجاتا ہے۔
اِستِقامت کا معنٰی ایمان، اَعمالِ صالِحہ، گناہوں سے اِجتِناب پر ڈٹے رہنا اِستِقامت کہلاتا ہے۔ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ اِستِقامت یہ ہے کہ ایمان ضائع نہ ہو، نیک اَعمال، مثلاً: نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ ترک نہ ہوں۔ تلاوت، ذِکْر، دُرود، تسبیحات و اذکار، صَدَقات و خیرات، دوسروں کی خیر خواہی وغیرہا پر ہمیشگی ہو۔ تمام گناہوں سے بچنے کی عادت پختہ رہے۔ یہ تمام چیزیں اِستِقامت میں داخل ہیں۔ البتّہ ہر اِستِقامت کا حکم جُدا ہے، جیسے: صحیح عقائد پر جمے رہنا سب سے بڑا فرض ہے۔ فرائض پر ہمیشگی بھی فرض ہے۔ گناہوں سے بچتے رہنا بھی لازم ہے اور مستحبّات کی پابندی بھی اعلیٰ درجے کا مستحب ہے۔
اِستِقامت کی قسمیں
(1)ایمان پر اِستِقامت، جیسے: حضرتِ بلال و ابوذر غفاری، سُمَیّہ، عمار بن یاسر، یاسر اور دیگر کثیر صحابۂ کِرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کہ جنہیں ایمان لانے کے بعد شدید آزمائشوں سے گزرنا پڑا لیکن وہ ایمان پر ڈٹے رہے اور آج ایمان پر اِستِقامت کا نام آتے ہی اِن مُبارَک ہستیوں کا تصوّر ذِہْن میں آجاتا ہے۔ ایمان پر اِستِقامت کی عظمت کے متعلّق نبیِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا بڑا خوب صورت فرمان ہے: تین چیزیں جس شخص میں ہوں وہ ایمان کی مٹھاس پائے گا: (1)جسے اللہ و رسول سب سے زیادہ محبوب ہوں۔ (2)جو کسی آدَمی سے خاص اللہ ہی کےلیےمحبّت رکھتا ہو۔ (3) جو اسلام قبول کرنے کے بعد پھر کفر میں جانا اتنا ہی ناپسند کرے جتنا آگ میں جھونک دیا جانا ناپسند کرتا ہے۔ (بخاری،ج1،ص17، حدیث:16) (2)فرائض پر اِستِقامت یہ ہے کہ کبھی ترک نہ ہوں، جیسے: نماز کے متعلّق قرآن میں فرمایا: ( وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى صَلَوٰتِهِمْ یُحَافِظُوْنَۘ(۹))ترجمہ: اور وہ جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ (پ18، المؤمنون:9 )(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) اور فرمایا:(الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى صَلَاتِهِمْ دَآىٕمُوْنَﭪ(۲۳)(۲۳))ترجمہ: جو اپنی نماز کی ہمیشہ پابندی کرنے والے ہیں۔ (پ29، المعارج:23) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) (3) مستحبات پر اِستِقامت یعنی ان پر ہمیشگی ہو، جیسے: تلاوت، ذِکْر، دُرود، صَدَقہ، حُسن ِ اَخلاق، عَفْو و کَرَم اور تہجّد وغیرہا پر اِستِقامت۔ یہ اِستِقامت بھی اللہ تعالیٰ کو بہت محبوب ہے۔ چنانچہ نبیِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ایک فرمان میں تہجّد کی ترغیب مُلاحَظہ فرمائیں، ایک مرتبہ کچھ صحابۂ کِرام رضی اللہ تعالٰی عنہم نے نبیِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے سامنے حضرتِ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہما کا تذکرہ کیا توآپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِرشاد فرمایا: عبدُ اللہ ایک اچّھا شخص ہے، کیا ہی اچّھا ہوتا کہ وہ تہجّد بھی ادا کرتا۔ (مسلم، ص1034، حدیث:6370) ایک موقع پر حضرتِ عبد اللہ بن عَمرو رضی اللہ تعالٰی عنہ کو اِرشاد فرمایا: اے عبد اللہ! تم فلاں کی طرح نہ ہونا جو رات میں قِیام کرتا (یعنی نفل نمازیں پڑھتا) تھا پھر اس نے رات میں قِیام کرنا چھوڑ دیا۔ (مسلم، ص452، حدیث:2733) مستحبات پر اِستِقامت کے حوالے سے نبیِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِرشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے پسندیدہ عمل وہ ہے جسے ہمیشہ کیا جائے اگرچہ وہ قلیل ہی کیوں نہ ہو۔ (بخاری،ج4،ص237، حدیث:6464)
اپنا محاسبہ
اِستِقامت کا لفظ ہم بارہا سنتے، پڑھتے ہیں لیکن اپنی ذات پرغور بھی کرنا چاہیے کہ کیا ہمیں نیکیاں کرنے اورگناہوں سے بچنے پر اِستِقامت حاصل ہے؟ وقتی جذبات میں آکر نوافل، تلاوت، ذِکْر و دُرود اور درس و مطالعہ سب شروع کرتے ہیں لیکن چند ہی دنوں بعد جذبات ٹھنڈے اوراعمال غائب ہوجاتے ہیں۔ یونہی ماہِ رمضان میں یا نیک اجتماع میں یا مرید ہوتے وقت گناہ چھوڑنے کا پختہ ارادہ کرتے ہیں اور چند دن جوش و خروش سے خود کو گناہوں سے بچا بھی لیتے ہیں لیکن تھوڑے دنوں بعد وہی گناہوں کا بازار گرم ہوتا ہے اورہم سر سے پاؤں تک گناہوں میں لتھڑے ہوتے ہیں۔ نیک ارادوں پر استقامت کا ذہن بنانے اور ثابت قدمی دکھانے میں سب سے مفید و اہم چیزقوت ِ ارادی اور ہمت نہ ہارنا ہے۔ اس بنیادی نکتے کو ذِہْن میں بٹھالیں، اِنْ شَاءَ اللہ اِستِقامت نصیب ہوجائے گی۔
استقامت حاصل کرنے کا طریقہ
استقامت کے متعلق ہمیں یہ معلوم ہوچکا کہ اس کا حکم بھی قرآن پاک میں دیا گیا ہے اور اس کی عظیم الشان فضیلت یعنی فرشتوں کی تائید و نصرت، جنت کی بشارت ، خدا عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے مہمانی اور نعمتوں کی فراوانی کا ذکر بھی قرآن میں موجود ہے۔اس کے باوجودصورتِ حال وہی ہوتی ہے جواِس مضمون کے پہلے حصےمیں ذکر کی گئی کہ لوگ وقتی جذبات میں آکر نوافل، تلاوت، ذکر و درود اور درس و مطالعہ سب شروع کرتے ہیں لیکن چند ہی دنوں بعد جذبات ٹھنڈے اوراعمال غائب ہوجاتے ہیں۔ یونہی ماہِ رمضان میں یا نیک اجتماع میں یا مرید ہوتے وقت گناہ چھوڑنے کا پختہ ارادہ کرتے ہیں اور چند دن خود کو گناہوں سے بچا بھی لیتے ہیں لیکن تھوڑے دنوں بعد وہی گناہوں کا بازار گرم ہوتا ہے اورسر سے پاؤں تک گناہوں میں لتھڑے ہوتے ہیں۔ یہاں یہ سوال ہوتا ہے کہ استقامت پانے کا طریقہ کیا ہے؟ اس کا آسان جواب یہ ہے کہ کچھ امور وہ ہیں جو ایمان، نیک اعمال اور گناہوں سے اجتناب وغیرہا ہر طرح کے معاملات میں استقامت پانے کےلئے مشترک اور برابر معاون ہیں، اس مضمون میں اُنہی کا بیان کیا جائے گا۔
استقامت کےلئے معاون امورمیں سب سے پہلی چیز نیکی کرنے اور برائی سے بچنے کا ذہن ہے۔ اگر کسی کے دل و دماغ میں یہ سوچ ہی موجود نہیں تو استقامت تو دور کی بات ہے اسے تو کچھ کرنے ہی کی توفیق نہیں ملے گی، مثلاً تلاوت ِ قرآن کرنے یا گانے سننے سے بچنے کا ذہن ہوگا تو اگلا مرحلہ شروع ہوگا یعنی تلاوت کرے گا اور گانوں سے بچے گا لیکن اگریہ ذہن ہی نہیں تو کہاں کی استقامت اور کہاں کی ہمت! اب یہ سوال کہ ایسی سوچ کس طرح پیدا ہو؟ تو جواب یہ ہے کہ مطلوبہ سوچ بنانے کےلئے اپنے دعوی ِ ایمان، خدا کا بندہ ہونے، کلمۂ طیبہ پڑھنے اور موت و آخرت پر غور کرنے کی حاجت ہے کہ میرا کلمہ پڑھنا، دعویِ ایمان کرنا، خدا کا بندہ ہونا، یقینی موت کا شکار ہونا اورقیامت میں بارگاہِ خداوندی میں حساب کےلئے پیش ہونا کس بات کا تقاضا کرتا ہے۔ اس پر مسلسل غور و فکر نیکیوں کی رغبت اور گناہوں سے نفرت پیدا کرے گی ۔
استقامت پانے کےلئے دوسری اہم چیز ہمت ہے۔ ہمت میں ایک پہلو طبعی ہوتا ہے کہ بعض لوگ پیدائشی طور پر بہادر اور بلند ہمت ہوتے ہیں، ان کی قوت ِ ارادی اور عزم کی پختگی بہت بلند ہوتی ہے جبکہ بہت سے لوگ ایسے نہیں ہوتے لیکن یہ ہرگز نہیں ہوتا کہ خداوند ِ کریم کسی کو اصلاً ہمت و قوتِ ارادی نہ دے۔اُس نے یہ دولت کم و بیش سب کو دی ہے۔ اب جن میں بلند ہمتی ہے وہ بھی اگر اسے استعمال نہیں کریں گے تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا جبکہ جن میں قوتِ ارادی کی کمی ہے وہ بھی اگر کوشش کریں گے تو کامیاب ہوجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ لوگوں کو ان کی طاقت سے زیادہ احکام نہیں دیتا اور لوگوں کی کوششوں کے مطابق ہی انہیں صِلہ عطا فرماتا ہے۔
اس ساری گفتگو کا مقصد یہ ہے کہ نیکیاں کرنے اور گناہوں سے بچنے کےلئے اگر انسان اپنی ہمت بروئے کار لائے اور نفس و شیطان سے مقابلے کے وقت ہاتھ پاؤں چھوڑ کر نہ بیٹھ جائے تو شیطان کو شکست دینا مشکل نہیں ہوتا۔ مثلاً فجر کی نماز کےلئے نیند اور بستر چھوڑنا، ظہر و عصر کےلئے دفتر یا دکان سے اُٹھ کر جانے میں کوئی ہمیں پکڑ کر لِٹایا بِٹھا نہیں دیتا ، یہ ہم ہی ہوتے ہیں جو اپنی مرضی سے لیٹے یا بیٹھے رہتے ہیں، اس کے برعکس جو لوگ عزم کرچکے ہوتے ہیں کہ دنیا اِدھر سے اُدھر ہوجائے یا زمین و آسمان آپس میں بدل جائیں ہمیں کسی صورت نماز قضا نہیں کرنی تو ایسے لوگ بغیر تکلیف اور تکلّف کے سب آرام و کام چھوڑ کر نماز پڑھنے کی سعادت حاصل کر لیتے ہیں۔ یہی معاملہ گناہوں کا ہے کہ جب کوئی گناہ چھوڑنے کاوقت آئے تو عزم و ہمت ہی گناہوں سے بچنے میں معاون بنتے ہیں مثلاً بدنگاہی کا موقع آئے توبچنا ناممکن نہیں ہوتا بلکہ یقیناً ہماری قدرت میں ہوتا ہے لیکن لذت ِ نفس کے ہاتھوں مجبورہم اِس کا ارتکاب کربیٹھتے ہیں حالانکہ یہ مجبور ہونا اپنی ہی کوتاہی اور کمزوری ہے کیونکہ دوسری طرف ہزاروں وہ لوگ بھی موجود ہیں جو کہتے ہیں کہ کسی خوب صورت عورت یا اَمرد کو دیکھنے میں نفس کو کتنا ہی مزہ کیوں نہ آئے اور نفس کتنا ہی کیوں نہ چیخے چلائے اور ہائے ہائے کرے ، ہم نفس کی خواہش پوری نہیں کریں گے اگرچہ ہماری روح ہی کیوں نہ نکل جائے۔ اِس عزم و ہمت کے ساتھ جو لوگ بدنگاہی یا کسی بھی گناہ سے بچنا چاہتے ہیں ان کےلئے گناہ سے بچنا نہایت آسان ہوجاتا ہے۔
اب یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی ہمت کہاں سے لائیں؟ تو جواب یہ ہے کہ اُن لوگوں کےلئے یہ ہمت توبہت آسان ہے جنہیں ماں باپ نے صحیح اسلامی تربیت دی، پھر مسجد و مدرسہ کی تعلیم و تربیت نے اُن میں مزید نکھار پیدا کیا، پھر نیک ماحول نے اُن کی مدنی سوچ کو چار چاند لگادئیے۔ وہ بُری صحبت سے بچے رہے اور انہوں نے خود کو گناہ کی چیزیں دیکھنے،گناہ کی باتیں سننے اور سوچنے سے خود کو بچا کر رکھا۔ ایسے لوگ نہایت سعادت مند، بلند ہمت اور صاحب ِ استقامت ہوتے ہیں لیکن اگر کسی کو بچپن سے جوانی تک یہ نعمتیں میسر نہیں آئیں تو اللہ تعالیٰ نے ان سے بھی اپنا فضل و کرم موقوف نہیں کردیا بلکہ ایسے لوگ بھی اپنی طرزِ زندگی میں کچھ تبدیلیاں پیدا کرلیں تو ان کےلئے مرتبۂ استقامت تک پہنچنا ممکن ہے۔ مثلاً آج کے زمانے میں اگر کوئی شخص مسجد میں حاضری، نیک لوگوں کی صحبت، ہفتہ وار اجتماع میں شرکت، بُری چیز دیکھنے، بُری بات سننے اور سوچنے سے خود کو روک رکھے اور اچھا دیکھنے، سننے، بولنےاور سوچنے کی عادت بنانے کی کوشش کرے تو کچھ ہی عرصےمیں اسے نیکیوں سے محبت اور گناہوں سے نفرت ہوجائے گی اور اسی کے ذریعے استقامت کی دولت نصیب ہوجائے گی۔
یہاں مزیدتین باتیں پیشِ خدمت ہیں:ایک بات یہ ہے کہ ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ پہلی کوشش ہی میں عموماً استقامت نہیں مل جاتی، بلکہ بار بار کوشش کرنی پڑتی ہے، اس لئے اگر کوئی نیک عمل چھوٹ جائے یا گناہ سرزدہوجائے تو ہمت نہ ہاریں بلکہ توبہ کرکے دوبارہ کوشش کریں۔یاد رکھیں کہ جو لوگ کوشش کرتے رہتے ہیں ، اُن کےلئے راستے کھل جاتے ہیں اور وہ مقصد بھی پالیتے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ استقامت کےلئے بُری صحبت سے بچنا نہایت ضروری ہے۔ اگر اچھے اعمال اور اچھی صحبت کےساتھ بُری صحبت بھی جاری رہی تو استقامت ملنے کی امید نہ ہونے کے برابر ہے۔ تیسری بات یہ ہے کہ استقامت پانے کےلئے اللہ تعالیٰ سے دُعا کرتے رہیں اور دوسرے نیک لوگوں سے بھی دُعا کرواتے رہیں۔
ماہنامہ فیضان مدینہ ذوالحجۃ الحرام 1439 ھ اگست/ستمبر 2018ء