سوال: کیافرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ امام کو رکوع میں پایا ، تو کیا مقتدی کو اللہ اکبر کہنے کے بعد ایک بار سبحٰن اللہ کہنے کی مقدار کھڑے رہنا واجب ہے ؟
جواب: جب امام رکوع میں ہو اور کوئی مقتدی جماعت میں شامل ہونا چاہے تو اس کے لئے طریقہ یہ ہے کہ کھڑے ہونے کی حالت میں تکبیر کہےاور ثنا پڑھے جبکہ امام کی حالت معلوم ہو کہ اتنی دیر رکوع میں لگا دے گا کہ مقتدی کو رکوع مل جائے گا اوراگر امام کی حالت معلوم نہ ہو یا یہ احتمال ہو کہ امام رکوع سے سر اٹھالے گاتو کھڑے ہونے کی حالت میں تکبیر ِتحریمہ کہنے کے فوراً بعد رکوع میں چلا جائے ، کھڑے ہونے کی حالت میں تکبیر کہہ لینے کے بعدایک بار سبحٰن اللہ کہنےکی مقدار کھڑے رہنا واجب نہیں۔
البتہ تکبیر تحریمہ کھڑے ہونے کی حالت میں کہنا لازم ہے ، لہٰذا اگر تکبیرتحریمہ اتنا جھکتے ہوئے کہی کہ تکبیر ختم ہونے سے پہلے اتنا جھک گیا کہ ہاتھ پھیلائیں توگھٹنے تک پہنچ جائیں تونماز نہ ہوگی۔اور یہ بھی یاد رہے کہ کھڑے کھڑے تکبیر تحریمہ کہنے کے بعد تکبیر رکوع کہتے ہوئے ، رکوع میں چلا جائے کہ یہ تکبیر کہنا سنّت ہے ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم