سوال: اگر امام جہری قراءت کر رہا ہو اور مقتدی جماعت میں پہلی رکعت میں امام کے ساتھ شامل ہوا، تو ثناء پڑھنے کا کیا حکم ہو گا؟
جواب: اگر امام جہری قراءت کر رہا ہو، تو مقتدی پر خاموشی رہنا اور توجہ سے قراءت سننا واجب ہے، لہٰذا اگر مقتدی اس وقت جماعت میں شامل ہوا کہ امام نےجہری قراء ت شروع کر دی تھی تو مقتدی کے لیے ثناء پڑھنا جائز نہیں ہے نیز اب کسی اور موقع پر بھی نہیں پڑھیں گے، بلکہ یہ ساقط ہو جائے گی۔فتاوی ہندیہ میں ہے” إذا أدرك الإمام في القراءة في الركعة التي يجهر فيها لا يأتي بالثناء. كذا في الخلاصة هو الصحيح“ترجمہ:مقتدی نے امام کو اس حالت میں پایا کہ وہ رکعت میں جہری قراءت کررہا تھا تو یہ ثناء نہیں پڑھے گا،جیسا کہ خلاصہ میں ہے ،یہی صحیح ہے۔(فتاوی ھندیۃ،کتاب الصلاۃ،ج 1،ص 90،دار الفکر،بیروت)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم