عبادت کی وضاحت

سوال: عبادت کیا ہے ، کیا صرف نماز ، روزہ ہی عبادت ہے ، یا ربِّ کریم کی رِضا کے لیے کیا گیا ہر اچھا کام عبادت ہے ؟

جواب: مفسرِ قرآن ، حکیم الامت حضرت علامہ مولانا مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب علم القرآن ، کے صفحہ 104 سے صفحہ111 (مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)پر عبادت کے معانی و مفہوم اور قسموں کا بیان فرمایا ہے ، جس کا خلاصہ یہ ہے کہ  عبادت قرآن شریف کی اصطلاحوں میں بہت اہم اور نازک اصطلاح ہے ۔ عبادت بہت طر ح کی ہوتی ہے ، جانی ، مالی ، بدنی ، وقتی وغیرہ مگر اس کی بنیادی طور پر دو قسمیں ہیں :

   ایک وہ جس کا تعلق براہِ راست اللہ کریم سے ہو ، کسی بندے سے نہ ہو ۔ جیسے نماز ، روزہ ، حج ، زکوۃ ، جہاد وغیرہ کہ بندہ ان کاموں سے صرف ربِّ کریم کو راضی کرنے کی نیت کرتا ہے ، بندے کی رضا کا اس میں دخل نہیں ہوتا ۔

   دوسری قسم وہ جس کا تعلق بندے سے بھی ہے اور ربِّ کریم سے بھی ، یعنی جن بندوں کی اطاعت کا اللہ پاک نے حکم دیا ہے ، خدا کو راضی کرنے کے لیے ان کی اطاعت کرنا، رب تعالی کی عبادت ہے۔ جیسے والدین کی فرمانبرداری ، مرشد و استاد کی خوشی ، نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر درود شریف پڑھنا ، رشتہ داروں کے حقوق ادا کرنا ، غرضیکہ کوئی بھی جائز کام ہو ، اگر اس میں اللہ پاک کو راضی کرنے کی نیت کر لی جائے ، تو وہ اللہ کریم کی عبادت بن جاتے ہیں اور ان پر ثواب ملتا ہے ، حتی کہ جو اپنے بیوی بچو ں کو کما کر اس لیے کھلائے کہ یہ سنتِ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے، اللہ پاک اس سے راضی ہوتا ہے ، تو کمانا بھی عبادت ہے اور جو خدا کا رزق اس لیے کھائے کہ ربِّ کریم کا حکم ہے : ﴿ کُلُوْا وَاشْرَبُوْا ﴾ اور حضو رصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت ہے ،فرائض و واجبات ادا کرنے کا ذریعہ ہے ، تو کھانا بھی عبادت ہے ۔ اسی لیے مجاہد فی سبیل اللہ غازی کا کھانا ، پینا ، سونا، جاگنا عبادت ہے بلکہ ان کے گھوڑوں کی رفتار بھی عبادت ہے۔     لہٰذا ماں باپ کو راضی کرنا ، ان کی اطاعت کرنا ، ربِّ کریم کی عبادت ہے ، نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر جان ومال قر بان کرنا اُس سرکار کی اطاعت اور اللہ پاک کی عبادت بلکہ اعلیٰ ترین عبادت ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

(دعوت اسلامی)

التحیات کاثبوت

About darulfikar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے