عیدین کابیان
عیدین کی شرعی حیثیت
عیدین(یعنی عیدالفطراوربقرعید)کی نمازواجب ہے مگرسب پرنہیں بلکہ انہی لوگوں پرواجب ہے جن پرنمازِجمعہ فرض ہے اوراس کی ادائیگی کے لئے بھی وہی شرائط ہیں جونمازِجمعہ کے لئے ہیں بس اتنافرق ہے کہ نمازِجمعہ میں خطبہ شرط ہے اورعیدین میں سنت ہے اگرجمعہ میں خطبہ نہ پڑھاگیاتوجمعہ ادانہ ہوااورعیدین میں نہ پڑھاگیاتونمازہوگئی مگرایساکرنابراہے۔
اورجمعہ کاخطبہ نمازسے پہلے ہے جبکہ عیدین کاخطبہ نمازکے بعدہے،عیدین میں نہ اذان ہے،نہ اقامت،اوربلاوجہ عیدکی نمازچھوڑناگمراہی اورسخت گناہ کاکام ہے۔عیدین کی نمازکاوقت ایک نیزہ سورج بلندہونے یعنی سورج نکلنے کے بیس منٹ بعدسے زوال سے پہلے تک ہے۔
فتاوی عالمگیری میں ہے:
’’تجب صلاۃ العیدعلی کل من تجب علیہ صلاۃ الجمعۃ کذافی الھدایۃ ویشترط للعیدماتشترط للجمعۃ الاالخطبۃ کذافی الخلاصۃ ۔فانہاسنۃ بعدالصلاۃوتجوزالصلاۃ بدونہاوان خطب قبل الصلاۃ جازویکرہ کذافی محیط السرخسی۔ولاتعادالخطبۃ بعدالصلاۃ کذافی فتاوی قاضی خان‘‘
عیدکی نمازہراس شخص پرواجب ہے جس پرنمازِجمعہ فرض ہے ایسے ہی ہدایہ میں ہے،اوراس کے اداء کی بھی وہی شرطیں ہیں جوجمعہ کے لئے ہیں سوائے خطبہ کے ایسے ہی خلاصہ میں ہے،کیونکہ نمازِعیدمیں خطبہ نمازکے بعدسنت ہے اوراس کے بغیربھی نمازہوجاتی ہے اوراگرخطبہ پہلے پڑھ لیاتونمازہوگئی مگرایساکرنامکروہ ہے ایسے ہی محیط سرخسی میں ہے،اوراس صورت میں نمازکے بعدخطبہ کااعادہ نہیں کیاجائے گا۔
(عالمگیری،ج 1 ص 150)
’’بہارِ شریعت‘‘میں ہے:
’’عیدین کی نمازواجب ہے مگرسب پرنہیں بلکہ انہیں پرجن پرجمعہ واجب ہے اوراس کی اداکی وہی شرطیں ہیں جوجمعہ کے لئے ہیں صرف اتنافرق ہے کہ جمعہ میں خطبہ شرط ہے اورعیدین میں سنت اگرجمعہ میں خطبہ نہ پڑھاتوجمعہ نہ ہوااوراس میں نہ پڑھاتونمازہوگئی مگربُراکیا،دوسرافرق یہ ہے کہ جمعہ کاخطبہ قبل نمازہے اورعیدین کابعدنماز،اگرپہلے پڑھ لیاتوبُراکیا،مگرنمازہوگئی لوٹائی نہیں جائے گی اورخطبہ کابھی اعادہ نہیں اورعیدین میں نہ اذان ہے نہ اقامت صرف دوبار اتناکہنے کی اجازت ہے۔ الصلوٰۃ جامعہ‘‘۔
(بہارِ شریعت،عیدین کا بیان،ج1،حصہ4، ص779)
(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)
نمازِ عیدین کی نیت
نیت کی میں نے دورکعت واجب نمازعیدالفطریاعیدالاضحی کی،ساتھ زائدچھ تکبیروں کے،واسطے اللہ تعالیٰ کے پیچھے اس امام کے،مُونھ خانہ کعبہ شریف کی طرف اورپھرامام کے ساتھ تکبیرِتحریمہ کہتے ہوئے ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لیں۔
(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)