سوال: میری آنکھوں کے پٹھے خشک ہو چکے ہیں ،جنہیں تررکھنے کے لئے مجھے آئی ڈراپ ڈالنے پڑتے ہیں اگر نہیں ڈالتی تو خارش اور سخت تکلیف شروع ہو جاتی ہے ،مجھے پتہ چلا تھا کہ آئی ڈراپ سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ،مجھے افریقہ کی مسلم ڈاکٹر نے کہا تھا کہ اگر مسلسل اس میں قطرے نہ ڈالے گئے تو تمہاری آنکھیں ضائع ہو جائیں گی،اس لئے مجھے مسلسل چند گھنٹوں بعد ڈراپ ڈالنے پڑتے ہیں،تو کیا میرے لئے رمضان کے روزوں میں کچھ رخصت ملے گی؟
جواب:صورت مسئولہ میں آنکھوں میں ڈراپ نہ ڈالنے کی بناء پراگرمرض بڑھ جانے یادیرمیں اچھاہونے یاشدیدمشقت ودشواری میں مبتلاہونے کاظن غالب ہو،محض وہم نہ ہو،تواس صورت میں اسے روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے،البتہ اگر ایک روزہ چھوڑ کر ایک رکھ سکتی ہیں ،یا دو روزے چھوڑ کر ایک ،اسی طرح کچھ دنوں کا وقفہ کر کے روزہ رکھ سکتی ہیں تو مسلسل روزے چھوڑنے کی اجازت نہ ہوگی اور صحت یاب ہونے کے بعدیاسردموسم میں ان روزوں کی قضاکرناہوگی،اس صورت میں فدیہ دینے کی اجازت نہیں ،کیونکہ ایسامریض جوبعدمیں صحت یاب ہوسکتاہے تواسے فدیہ دینے کی اجازت نہیں ۔