سوال: اگر کوئی یہ کہے کہ اہل بیت کا مقام روحانی طور پرپچھلے تمام انبیاء کرام علیہم السلام سے بھی زیادہ ہے ۔ کسی کا ایسا کہنا کیسا ؟
جواب: جواہل بیت علیھم الرضوان کوکسی بھی نبی سے افضل جانے وہ کافرہے کیونکہ غیر نبی کو نبی سے افضل جاننابالاجماع کفر ہے۔
صدرالشریعہ،بدرالطریقہ مفتی محمدامجدعلی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القوی ارشادفرماتے ہیں :” انبیائے کرام، تمام مخلوق یہاں تک کہ رُسُل ملائکہ سے افضل ہیں۔ ولی کتنا ہی بڑے مرتبہ والا ہو، کسی نبی کے برابر نہیں ہوسکتا۔ جو کسی غیرِ نبی کو کسی نبی سے افضل یا برابر بتائے، کافر ہے۔ "(بہارشریعت،جلد1،حصہ 1،صفحہ47،مکتبۃ المدینہ،کراچی)
ایک اورمقام پر بدمذہبوں کے عقائدبیان کرتے ہوئے ارشادفرماتے ہیں:”اس فرقہ کا۔۔۔ ایک عقیدہ یہ ہے کہ ”ائمہ اَطہار رضی ا ﷲتعالیٰ عنھم، انبیا علیہم الصلوۃ و السلام سے افضل ہیں۔” اور یہ بالاجماع کفر ہے، کہ غیرِ نبی کو نبی سے افضل کہنا ہے۔”(بہارشریعت،جلد1،حصہ 1،صفحہ210،مکتبۃ المدینہ،کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم