سوال:دورانِ ذبح جانوربھاگااورپکڑانہ گیاکہ کسی ایسی جگہ کنویں یاگڑھے وغیرہ میں گرگیاجہاں سے نکال کر ذبح اختیاری ممکن نہ ہوتوکیاکریں اوراسی طرح اگرجانورحملہ کردے اورپکڑنے پرقدرت نہ ہوتوکیاکریں ؟
جواب:جانوراگرکسی ایسی جگہ گرجائے جہاں سے زندہ نکال کر ذبح کرناممکن نہ ہویاحملہ کردے اورپکڑنے پرقدرت نہ ہوتوبہ نیتِ ذبح تسمیہ پڑھ کرکسی بھی چیزنیزہ وغیرہ سے ہلاک کرسکتے ہیں۔
بہارِ شریعت میں ہے:
’’اگرجانورکنویں میں گرگیااس کونیزہ وغیرہ سے بہ نیت ذبح بسم اﷲ کہہ کر ہلاک کردیں ذبح ہوگیا۔اسی طرح اگرجانوراس پرحملہ آورہواجیساکہ بھینسے اور سانڈ،اکثر حملہ کردیتے ہیں ان کوبھی اسی طرح ذبح کیاجاسکتا ہے اوراگرمحض اپنے سے دفع کرنے کے لئے اسے نیزہ مارا ذبح کرنامقصودنہ تھاتوجانورحرام ہے۔‘‘
(بہار شریعت ،ج3 ،حصہ15،ص319)
(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)
سوال:جنگلی جانوراگرمانوس ہوجائے یاگھریلوجانوروحشی ہوجائے توپھرذبح کی کیاصورت ہوگی؟
جواب:جنگلی جانوراگرمانوس ہوجائے تواسے بھی پالتوجانوروں کی طرح ذبح کیاجائے گااوراگرگھریلوپالتوجانوروحشی ہوجائے کہ کسی بھی طرح قابومیں نہ آئے تواسے جس طرح ممکن ہوذبح کیاجاسکتاہے۔
بہارِ شریعت میں ہے:
’’جنگلی جانوراگرمانوس ہوجائے مثلاًہرن وغیرہ پال لیتے ہیں اوروہ مانوس ہو جاتے ہیں ان کواسی طرح ذبح کیاجائے جیسے پلاؤجانورذبح کئے جاتے ہیں یعنی ذبح اختیاری ہوناضرورہے جس کاذکرگزرچکااوراگرگھریلوجانوروحشی کی طرح ہو جائے کہ قابومیں نہ آئے تواس کاذبح اضطراری ہے کہ جس طرح ممکن ہوذبح کرسکتے ہیں۔یونہی اگرچوپایہ کنویں میں گرپڑاکہ اسے باقاعدہ ذبح نہ کرسکتے ہوں توجس طرح ممکن ہوذبح کرسکتے ہیں ‘‘۔
(بہار شریعت ،ج3 ،حصہ15،ص315)
(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)
سوال:ذبح کے وقت اگربکری،بھیڑ،گائے یااونٹ وغیرہ قربانی کاجانوربھاگ جائے توکیااب بھی انہیں پکڑکرہی ذبح کرناپڑے گایاپھراضطراری کیفیت جان کرکہیں بھی زخم لگادینے سے جانورحلال ہوجائے گا؟
جواب:شہریاگاؤں وغیرہ جہاں آبادی ہووہاں اگربکری یابھیڑ بھاگ جائے تواسے پکڑکرذبح اختیاری کی طرح ذبح کریں گے اوراگرمیدان میں بھاگی توذبح اضطراری بھی ہوسکتاہے اوراونٹ ،بیل یاگائے بھاگ جائیں اورپکڑنے پرقدرت نہ ہوتوخواہ یہ آبادی میں بھاگیں یاجنگل میں دونوں ہی صورتوں میں ذبح اضطراری کی اجازت ہے۔
بہارِ شریعت میں ہے:
’’آبادی میں اگربکری بھاگ گئی تواس کے لئے ذبح اضطراری نہیں ہے کہ بکری پکڑی جاسکتی ہے اورمیدان میں بھاگ گئی توذبح اضطراری ہوسکتاہے اور گائے بیل اونٹ اگربھاگ جائیں توآبادی اورجنگل دونوں کاان کے لئے یکساں حکم ہے ہوسکتا ہے کہ آبادی میں بھی ان کے پکڑنے پرقدرت نہ ہو‘‘۔
(بہار شریعت ،ج3 ،حصہ15،ص319)
(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)