قربانی کے جانور کا دودھ اور اون کا استعمال

سوال:کیاجانورذبح کرنے کے بعدبھی اس کے بال،اُون وغیرہ اپنے استعمال میں نہیں لاسکتے؟

جواب:جانورذبح کرنے کے بعداسکے بالوں اوراُون کوکاٹ کراپنے استعمال میں لایاجاسکتاہے اوراسی طرح اس کے تھنوں میں اگراس وقت دودھ ہوتودوہ سکتے ہیں اس میں شرعاً کوئی حر ج نہیں کیونکہ جانورسے جومقصودتھاوہ پوراہوچکاہے لہذااب یہ اس کی ملک ہے اپنے صرف میں لاسکتاہے اورکسی کودیناچاہے تودے بھی سکتاہے۔البتہ بیچ نہیں سکتا ہے اگر بیچ دیا تو پھر رقم صدقہ کرنا ہوگی۔

       فتاوی عالمگیری میں ہے:

       ’’واذاذبحھا فی وقتھا جازلہ أن یحلب لبنہا ویجزصوفھا وینتفع بہ لان القربۃ بہ أقیمت بالذبح والانتفاع بعداقامۃ القربۃ مطلق کالاکل کذافی المحیط‘‘

       اورجب جانورکوقربانی کے وقت میں ذبح کرلیاتواس کادودھ دوہنااوراُون کاٹناجائزہے اوراس سے نفع لینابھی جائزہے کیونکہ ذبح کرنے سے قربت قائم ہوگئی اورقربت قائم ہونے کے بعداس سے نفع حاصل کرنامطلق ہے جیسے گوشت کھانا(یعنی جس طرح اس کاگوشت کھاناحلال ہے اسی طرح دیگرحلال چیزیں بھی کھاسکتے ہیں اوران سے نفع لے سکتے ہیں)ایسے ہی محیط میں ہے۔

(عالمگیری ، ج5،ص301)

       بہارِشریعت میں ہے:

       ’’جانورذبح ہوگیاتواب اس کے بال کواپنے کام کے لئے کاٹ سکتاہے اور اگراس کے تھن میں دودھ ہے تودوہ سکتاہے کہ جومقصودتھاوہ پوراہوگیااب یہ اس کی ملک ہے اپنے صرف میں لاسکتا ہے‘‘۔

(بہارشریعت،ج3،حصہ15،ص347)

(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)

 

 سوال:جانوراگردودھ والاہے توکیاقصداًاس کادودھ دوہ کرصدقہ کرسکتے ہیں؟

جواب:فقہائے اسلام فرماتے ہیں کہ جانوراگردودھ والاہوتواس کے تھنوں پرٹھنڈاپانی چھڑکیں کہ دودھ خشک ہوجائے اوراگراس سے کام نہ چلے تواس کادودھ دوہ کرصدقہ کردیاجائے کہ شرعاً اس میں کوئی حرج نہیں۔

       فتاو ی عالمگیری میں ہے:

       ’’وان کان فی ضرعہا لبن ویخاف بنضح ضرعہا بالماء الباردفان قلص والا حلب وتصدق ویکرہ رکوبہا واستعمالہا‘‘

       ترجمہ:اور اگر اس کے تھنوں میں دودھ ہو تو ٹھنڈا پانی چھڑکے اگر خشک ہو جائے تو فبہا وگرنہ دوہ کر صدقہ کر دے اس کا رکھنا اور استعمال کرنا مکروہ ہے‘‘۔

 (عالمگیری،ج5،ص301)

       بہارِ شریعت میں ہے:

       ’’جانوردودھ والاہے تواس کے تھن پرٹھنڈاپانی چھڑکے کہ دودھ خشک ہو جائے اگراس سے کام نہ چلے توجانورکودوہ کر دودھ صدقہ کرے ‘‘۔

(بہارِ شریعت،ج3،حصہ15،ص347)

(قربانی کے احکام از شیخ الحدیث مفتی عرفان احمد عطاری مدنی)

 

ذبح میں مستحبات کیاکیاہیں؟

دعوت اسلامی

About darulfikar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے