سوال: کیا نماز میں رکوع یا سجدے میں کوئی دعا مانگ سکتا ہے؟
جواب: منفرد کے لئے فرض نماز کے رکوع و سجود میں تسبیحات کے علاوہ قرآن و حدیث میں موجود دعاؤں میں سے کوئی دعا پڑھنا اگرچہ جائز ہے ،لیکن بچنا چاہئے کہ رکوع و سجود میں صرف تسبیحات کا پڑھنا سنت ہے ،البتہ اگر دعا پڑھنے والا امام ہے اور مقتدیوں پر یہ دعائیں پڑھناگراں گزرتا ہے تو یہ جائز نہیں ،اگر کسی بھی مقتدی پر گراں نہیں گزرتا ،سب راضی ہیں تو امام کے لئے بھی جائز ہے ۔
ہاں البتہ نفل نمازوں میں دعا پڑھنے میں کوئی حرج نہیں اور احادیث میں سجدہ میں دعا ئیں پڑھنے کا جو ذکر ہے وہ بھی نوافل میں دعا پڑھنے پر محمول ہے ،دعا فرض نماز میں ہو یا نفل میں اس کا عربی میں ہونا ضروری ہے ،غیر عربی میں زبان سے دعا کرنا ،ناجائزو گناہ ہے ،یونہی نماز میں ایسی دُعائیں جائز نہیں جن میں ایسے الفاظ ہوں جو آدمی ایک دوسرے سے کہا کرتا ہے، مثلاً اَللَّھُمَّ زَوِّجْنِیْ وغیرہ۔