سوال: ایک مسلمان لڑکی نے غیر مسلم سے شادی کی لیکن اس کا مذہب قبول نہیں کیا اب وہ اس سے اپنا تعلق ختم کر کے کسی مسلمان کے ساتھ شادی کرنا چاہتی ہے تو کیا توبہ کر نے کے بعد نکاح ہوجائے گا یا پھر سے کلمہ پڑھنا پڑھے گا؟
جواب: مسلمان عورت کاکسی بھی کافرمرد سے نکاح نہیں ہوسکتاخواہ وہ کافراہل کتاب یعنی عیسائی،یہودی ہویااہل کتاب نہ ہو جیسے مجوسی،ہندو وغیرہ ،لہذا پوچھی گئی صورت میں اس عورت کا نکاح سرے سے ہوا ہی نہیں،اور ان کا آپس میں ملاپ محض زنا ،حرامکاری تھا اب جبکہ وہ اس کافر سے جدا ہوکر قطع تعلقی کرچکی ہے تو اولا سب سے پہلے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں سچی توبہ کرے اگرچہ فقط کافر سے نکاح سے کی وجہ سے یہ کافر تو نہ ہوئی لیکن ممکن ہے کہ اسکے ساتھ زندگی گزارتے ہوئے کوئی کفریہ قول یا فعل اس سے سرزد ہوگیا ہو لہذا احتیاطا تجدید ایمان کرے پھر کسی سنی صحیح العقیدہ مسلمان سے نکاح کرسکتی ہے ۔