صرف فرض نماز کھڑے ہوکر پڑھنا کیسا

سوال: ہم 20سال سے کرسی  پر بیٹھ کر پڑھتے ہیں  ریڑھ کی ہڈی میں مسئلہ ہے لیکن فرض نماز کھڑے ہو کر پڑھتے ہیں تو کیا میرا ایسا کرناجائز ہے؟

جواب: فرائض وواجبات اور سنّتِ فجر میں  قیام فرض ہے۔ ان نمازوں  کو اگر بلاعذرِ شرعی بیٹھ کر پڑھیں  گے تو ادا نہ ہوں  گی اور اگر خود کھڑے ہوکر نہیں  پڑھ سکتے مگر عصایا دیوار یا آدمی کے سہارے کھڑا ہونا ممکن ہو تو جتنی دیر اس طرح سہارے سے کھڑا ہوسکتا ہے اتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے، یہاں  تک کے صرف تکبیر ِتحریمہ کھڑے ہوکر کہہ سکتا ہے تو اتنا ہی قیام فرض ہے اور اگر اس کی بھی اِستطاعت نہ ہو یعنی نہ خود کھڑا ہوسکتا ہے اور نہ ہی کسی چیز سے ٹیک لگا کر کھڑا ہوسکتا ہے اگرچہ کچھ دیر کے لئے ہی سہی تو اس صورت میں  مریض جتنا قیام کرسکتا ہے اتنا قیام کرکے باقی نماز بیٹھ کر تو پڑھ سکتا ہے مگر چونکہ رکوع و سجود پر قادر ہے اس لئے درست طریقے سے پیٹھ جھکاکر رکوع کرنا ہوگا اور سجدہ بھی زمین ہی پر کرنا ہو گا زیادہ سے زیادہ بارہ اُنگل اونچی رکھی ہوئی چیز پر بھی سجدہ کرسکے تو اسی پر سجدہ کرنا ضروری ہے رکوع و سجود کی جگہ اشارہ کرنے سے اس کی نماز نہ ہوگی۔

البتہ اگر کوئی رکوع وسجود دونوں پر قادرنہ ہو یا صرف سجدے پر قادر نہ ہو تو اگرچہ کھڑا ہوسکتا ہواس سے اصلاً قیام ساقط ہوجاتا ہے، لہٰذا اس صورت میں  مریض بیٹھ کر بھی نماز پڑھ سکتا ہے بلکہ اس کے لئے افضل بیٹھ کر پڑھنا ہے اور ایسا مریض اگر کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھے تو اس کی بھی گنجائش ہے کہ کرسی پر بیٹھے بیٹھے رکوع و سجود بھی اشارہ سے بآسانی کئے جاسکتے ہیں ، یوں  پوری نماز بیٹھے بیٹھے ادا ہوجائے گی، مگرچونکہ حتی الامکان دو زانوں  بیٹھنا چاہئے کہ مستحب ہے اس لئے کرسی پر پاؤں  لٹکاکر بیٹھنے سے احتراز کرنا چاہئے، جس طرح آسان ہو زمین ہی پر بیٹھ کر نماز ادا کی جائے، دو زانوں  بیٹھنا آسان ہو یا دوسری طرح بیٹھنے کے برابر ہو تو دو زانوں  بیٹھنا مستحب ہے ورنہ جس میں  آسانی ہو چار زانو ں  یا اُکڑوں  یا ایک پاؤں  کھڑا کرکے ایک بچھا کر اسی طرح بیٹھ جائے، ہاں  اگر زمین پر بیٹھا ہی نہ جائے تو اس دوسری صورت میں کرسی یااِسٹول یا تخت وغیرہ پر پاؤں  لٹکاکر بیٹھ سکتے ہیں  مگر بلا وجہ ٹیک لگانے سے پھر بھی احتراز کیا جائے کہ بیٹھ کر نماز پڑھنے کی جنہیں  اجازت ہوتی ہے حتی الامکان انہیں  ٹیک لگانے سے احتراز کرنا چاہئے اور ادب و تعظیم اور سنت کے مطابق اَفعال بجا لانے کی کوشش کرنی چاہئے۔اس صورت میں  چونکہ بیٹھ کر پڑھنے کی رخصت ملنے کا اصل سبب رکوع وسجود پر قادر نہ ہونا ہے اس لئے رکوع و سجود کا اشارہ کرنا ہوگا اور سجدے کے اشارہ میں  رکوع سے زیادہ سر جھکانا ضروری ہے، اس بات کا بھی خیال رکھا جائے ورنہ نماز نہ ہوگی۔

(دعوت اسلامی)

کیا سفر میں قضاء عمری ادا کرسکتے ہیں ؟

About darulfikar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے